حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے یکم مئی "یوم مزدور" کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: مزدوروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور یہ دن مزدوروں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، مزدوروں کی جدوجہدکو نتیجہ خیز بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی محنت کشوں اورہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، مزدور ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا: ہم پاکستانی مزدوروں اور محنت کشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو قومی تعمیرو تروقی میں اپنا قیمتی حصہ ڈالتے ہیں،وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہماری اس اہم افرادی قوت کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں لہذا حکومت مزدور وں کے عزت اور وقار کو تحفظ دے ۔اس لئے کہ کسی بھی قوم کی اقتصادی طاقت اور قوت کا اندازہ وہاں کے محنت کش طبقے کی حیثیت اور معیار زندگی اور ان کے حقوق کے تحفظ سے لگایا جا سکتا ہے۔
علامہ سید ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہر انسان آزاد ہے اور اس کا ہر جائز عمل محترم ہے، جس کا معاوضہ لازم ہے۔ اسلام محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور مناسب معاوضے کی ادائیگی پر بہت زور دیتا ہے۔
انہوں نے کہا: دنیا کے تمام مہذب معاشروں نے اپنے محنت کش طبقے کے حقوق اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کر رکھی ہے۔ مزدور اور محنتی فرد اللہ کا دوست ہے ہمارا مذہب ہمیں محنت کی عظمت کا درس دیتا ہے۔